حکومت پنجاب کے نقش قدم پر چلتے ہوئے خیبر پختونخواہ کی صوبائی حکومت نے بھی صوبے کے طلباء میں تقسیم کرنے کے لیے 25 ہزار ڈیل انسپرون 3420 لیپ ٹاپس کا انتخاب کیا ہے۔
ابتدائی طور پر لیپ ٹاپس چار سالہ بیچلر آف اسٹڈیز (بی ایس) پروگرام اور میڈیکل اور انجینئرنگ سمیت پروفیشنل کالجز کے طلبہ میں تقسیم کیے جائیں گے ۔
مزید برآں، لیپ ٹاپس صوبے کے تمام انٹرمیڈیٹ اور سیکنڈری ایجوکیشن بورڈز کی جانب سے ہونے والے انٹرمیڈیٹ امتحانات میں سرکاری اسکولوں کے ٹاپ 10 طلباء میں بھی تقسیم ہوں گے۔
یہ منصوبہ اپنی نوعیت کا صوبے میں سب سے بڑا منصوبہ ہے اور اس کا مقصد خیبر پختونخواہ کے طلباء اور عوا م کو معاشرے کا ایک تخلیقی و دوسرے کے اشتراک سےکام کرنے والا حصہ بنانا ہے اور یوں اپنی صلاحیتوں سے صوبے کو کچھ لوٹانا ہے۔ تقسیم کا پہلا مرحلہ 10 فروری کو پشاور یونیورسٹی میں ہوگا۔
منصوبے کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے پروجیکٹ ڈائریکٹر خیبر پختونخواہ عدیل خان نے کہا کہ
“یہ پروجیکٹ نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور ٹیکنالوجی کی عالمی معیشت میں پاکستان کو ایک مقابل کی حیثیت سے برقرار رکھنے کی جانب ایک بہت بڑا قدم ہے۔ اس منصوبے میں ڈیل کی شمولیت طویل عرصے تک اس کی کامیابی کی ضمانت ہوگی۔”شہزاد اسلام خان، کنٹری مینیجر ڈیل برائے پاکستان و افغانستان، نے کہا کہ
ہماری نظریں ٹیکنالوجی تک رسائی اور طلبہ کے سیکھنے کی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے کام کرنے والی خیبر پختونخواہ حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے پر ہیں۔موبائل کمپیوٹنگ ڈیوائسز روزمرہ زندگی کا اہم حصہ بن چکی ہیں – چاہے آپ کام پر ہوں یا گھر پر یا پھر تعلیمی اداروں میں۔
طلبہ انفارمیشن تک رسائی، اپنے ساتھیوں اور اساتذہ کے ساتھ تعاون، اور کلاس روم کے اندر اور باہر دونوں جگہوں پر متحرک مواد تخلیق کرنے کے لیے تمام اقسام کی ڈیوائسز سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔”
ڈیل میں ہمارا ماننا ہے کہ یہ ڈیوائسز تدریس و تعلیم میں مدد فراہم کر سکتی ہیں – اور ہر طالب علم کے لیے سیکھنے کے تجربے کو بہتر بنانے کی صلحایت رکھتی ہیں۔ ڈیل اس اہم پروگرام میں خیبر پختونخواہ حکومت کے ساتھ کام کرنے پر خوش ہے اور ان ڈیوائسز کی بروقت اور بہترین معیار کے مطابق فراہمی کے عہد پر قائم ہے۔”